ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / رام کے نام پر کب تک بی جے پی عوام کو گمراہ کرتی رہے گی: وزیر اعلیٰ کمار سوامی

رام کے نام پر کب تک بی جے پی عوام کو گمراہ کرتی رہے گی: وزیر اعلیٰ کمار سوامی

Wed, 31 Oct 2018 23:45:08    S.O. News Service

بنگلورو،31؍اکتوبر(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے ایودھیا معاملے میں بی جے پی کے دعوؤں کو محض ایک سیاسی ڈھونگ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلے 30 سال سے بی جے پی کہتی آرہی ہے کہ رام مندر تعمیر کردے گی، دو مرتبہ اسے اقتدار ملا تب بھی وہ اپنے وعدے کو وفا نہیں کرپائے، اب ایک بار پھر ملک کے عوام کو رام مندر کا نام لے کر گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔آج شیموگہ میں جے ڈی ایس امیدوار مدھو بنگارپا کے لئے انتخابی مہم چلانے کے لئے اپنی آمد کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ یہ ضمنی انتخاب کمار سوامی اور یڈیورپا کی جنگ نہیں ہے بلکہ ملک میں آنے والے دنوں میں ہونے والی تبدیلی کا اشارہ دینے کے لئے ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے دو بار بھی ملک کا اقتدار رام کے نام پر حاصل کیا اور وعدے کے مطابق مندر تعمیر کرنے کے لئے ٹھوس قدم اٹھانے کی بجائے عین انتخابات سے قبل اپنی اصلیت ظاہر کررہی ہے۔ یڈیورپا کے اس بیان پر کہ بلاری اور شیموگہ حلقوں میں بی جے پی نے جیت درج کرلی ہے، یہ ان کے تکبر کی نشانی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں ریاست کے28 حلقوں پر کانگریس جے ڈی ایس اتحاد کے امیدوار میدان میں اتریں گے۔ اور ریاست میں بی جے پی کی ساکھ کو ختم کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ یڈیورپا اور دیگر بی جے پی قائدین ریاستی حکومت کو گرانے کے لئے ہر بار ایک نئی تاریخ کا تعین کررہے ہیں۔ اب ان لوگوں نے 6نومبرکی تاریخ طے کی ہے۔ دیکھتے ہیں کہ اس بار بھی ان کی زبان کیسے جھوٹی ثابت ہوتی ہے۔ ایشورپا پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ کانگریس جے ڈی ایس اتحاد کو ناپاک گٹھ جوڑ قرار دینے والے ایشورپا یہ بتائیں کہ 2006 میں انہوں نے بی جے پی کے ساتھ جو اتحاد قائم کیاتھا وہ ناپاک گٹھ جوڑ تھا؟۔ اگر وہ ناپاک گٹھ جوڑ نہیں تھا تو کانگریس جے ڈی ایس اتحاد بھی نہیں ہے۔ مرکزی حکومت کی طرف سے کسانوں کے قرضوں کی معافی کے متعلق لاپروائی کی مذمت کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ یڈیورپانے کہاتھاکہ بنگلور میں دس لاکھ کسانوں کو یکجا کرکے ان کے قرضے معاف کرائیں گے، لیکن اس وعدے کو ریاستی یا مرکزی حکومت وفا نہیں کرپائی۔ کانگریس جے ڈی ایس مخلوط حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی 44 لاکھ کسانوں کے 45ہزار کروڑ زیادہ کے قرضوں کو معاف کردیا ہے۔ کمار سوامی نے کہاکہ ریاست کا اقتدار انہوں نے کبھی ذات پات کی بنیاد پر حاصل کیا ہے اور نہ ہی کسی ایک طبقے کی ترقی کے لئے کام کیا ہے۔ہمیشہ سے انہوں نے ریاست کے تمام طبقوں کی فلاح وبہبود کو مقدم رکھا ہے۔ جس کی وجہ سے انہیں تمام طبقات کا اعتماد بھی حاصل ہوا۔ سابق وزیراعلیٰ سدرامیا کے فرزند کی موت کا حوالہ دے کر جناردھن ریڈی نے جو بیان دیا ہے اس کی مذمت کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ جناردھن ریڈی سے اس سے زیادہ کی امید بھی نہیں کی جاسکتی۔ سیاسی میدان میں ایک دوسرے پر نکتہ چینی عام بات ہے لیکن کسی کی موت کو سیاسی فائدے کے لئے استعمال کیا جاتاہے تو یہ تہذیب سے گری ہوئی حرکت ہے۔ 


Share: